پاک افغان سرحد پر امن کی دستک: باجوڑ اور کنڑ کے مشران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا

باجوڑ اور مہمند کی جانب سے افغان صوبہ کنڑ کی طرف کسی قسم کی فائرنگ نہیں کی جائے گی.

               
  May 4, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو امت

فوٹو امت

باجوڑ :پاک افغان سرحدی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار بھائی چارے کے قیام کے لیے ضلع باجوڑ اور افغان صوبہ کنڑ کے مشران کے درمیان ایک تاریخی امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔

پاک افغان بارڈر ناواپاس کے مقام پر منعقدہ اس گرینڈ جرگے میں دونوں اطراف کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی، جہاں متفقہ طور پر مکمل جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

امن معاہدے کے متن کے مطابق باجوڑ اور مہمند کی جانب سے افغان صوبہ کنڑ کی طرف کسی قسم کی فائرنگ نہیں کی جائے گی، جبکہ افغان سائیڈ نے بھی اس بات کی ضمانت دی ہے کہ کنڑ کی جانب سے پاکستان کی حدود میں کوئی فائر نہیں ہوگا۔

معاہدے پر مستقل عملدرآمد اور صورتحال کی نگرانی کے لیے ہر تین ماہ بعد مشران کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں باجوڑ کی جانب سے قیادت کے فرائض حاجی لعلی شاہ پختون یار سرانجام دیں گے۔

جرگے میں پاکستان کی جانب سے قیادت چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی لعلی شاہ پختون یار نے کی جبکہ افغانستان کی طرف سے کنڑ کے قبائلی عمائدین وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر امارات اسلامی اور افغان مشران نے حاجی لعلی شاہ پختون یار کی امن کوششوں کے اعتراف میں انہیں خصوصی امن ایوارڈ سے بھی نوازا، جس کے بعد حاجی لعلی شاہ نے اس تاریخی معاہدے کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے