ایران پر ایک اہم کارروائی پاکستان کی مداخلت پر روکی، ٹرمپ

امریکی صدر کی شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف

May 16, 2026 · بام دنیا

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ایک اہم کارروائی بعض پاکستانی شخصیات کی درخواست پر مؤخر کی گئی، کیونکہ وہ ایران کے ساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں۔

 

امریکی میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے بتایا کہ پاکستان کی چند بااثر شخصیات نے ان سے کہا کہ کارروائی روک دی جائے تاکہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جا سکیں۔انہوں نے ایران کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے تو اگلے ہی دن صورتحال بدل جاتی ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی بات چیت ہوئی ہی نہ ہو۔

 

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ابتدائی طور پر جنگ بندی کے حامی نہیں تھے، تاہم مختلف ممالک کے اصرار پر اس پر آمادگی ظاہر کی گئی، جبکہ انہوں نے اسے پاکستان کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔امریکی صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو قابل اور متاثر کن شخصیات بھی قرار دیا۔

دوسری جانب انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ اہم تجارتی معاہدے طے پائے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ مستقبل میں مزید اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔