یوکرین کا روس پر سب سے بڑا ڈرون حملہ ،بھارتی شہری سمیت 5 افراد ہلاک
14 مختلف روسی علاقوں، الحاق شدہ کریمیا، اور بحیرہ اسود و بحیرہ ازوف کے اوپر مجموعی طور پر 586 یوکرینی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کیا، روسی وزارت دفاع
فوٹو سوشل میڈیا
ماسکو اور گردونواح سمیت روس کے متعدد خطوں پر یوکرین کی جانب سے جنگ کا اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی کارکن سمیت 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔
روس میں قائم بھارتی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ ماسکو کے علاقے میں ہونے والے ان حملوں کے دوران ایک بھارتی شہری ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے، جبکہ ماسکو کے گورنر آندرے ووروبیوو کے مطابق دارالحکومت کے شمالی علاقے خمکی میں ایک ڈرون رہائشی مکان پر گرنے سے ایک ہلاک بحق ہوئیں اور اپارٹمنٹس و بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ میتیشی ضلع کے گاؤں پوگوریلکی میں دو افراد اور یوکرینی سرحد کے قریب بیلگوروڈ کے علاقے میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا۔
الجزیرہ کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ انہوں نے رات بھر اور اتوار کی صبح کے دوران 14 مختلف روسی علاقوں، الحاق شدہ کریمیا، اور بحیرہ اسود و بحیرہ ازوف کے اوپر مجموعی طور پر 586 یوکرینی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کیا۔ اس دوران ماسکو کے سب سے بڑے شیریمیتیوو ایئرپورٹ کی حدود میں بھی ڈرون کا ملبہ گرا تاہم وہاں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب یوکرین کی سیکیورٹی سروس (SBU) نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یوکرینی افواج نے ماسکو کے علاقے میں ایک آئل ریفائنری اور دو آئل پمپنگ اسٹیشنوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ یوکرینی حکام کا مؤقف ہے کہ دفاعی صنعت، فوجی انفراسٹرکچر اور آئل لاجسٹکس پر ایسے حملے روس کی جنگی صلاحیت کو کمزور کرتے ہیں اور ان حملوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ شدید حفاظتی حصار میں گھرا ہوا ماسکو بھی اب محفوظ نہیں .