عراقی حدود سے سعودی عرب پر ڈرون حملہ۔ 3 مار گرائے

سعودی وزارت دفاع کا خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا اعلان

May 18, 2026 · بام دنیا

سعودی عرب کا دعویٰ، عراقی حدود سے آنے والے 3 ڈرون تباہ

 

سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے تین ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیا۔ وزارت دفاع کے مطابق ڈرونز عراقی حدود سے لانچ کیے گئے تھے تاہم سعودی دفاعی نظام نے انہیں اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔

سعودی وزارت دفاع کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ ڈرونز کو دن کے ابتدائی اوقات میں لانچ کیا گیا تھا اور سعودی فضائی دفاعی فورسز مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈرونز کو سعودی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد نشانہ بنایا۔

وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور شہریوں و رہائشیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب ایسے حملوں کا مناسب وقت اور مناسب جگہ پر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق سکیورٹی ادارے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ دفاعی نظام کو مزید متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری مقابلہ کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے باعث ڈرون حملوں اور سرحدی خطرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر سعودی عرب نے اپنی فضائی نگرانی اور دفاعی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔