پاکستانی بیانیہ دنیا مانتی ہے۔بھارت کے سابق اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار کا اعتراف
اسلام آباد نے نئی دہلی کا پراپیگنڈہ زمین بوس کر دیا ۔سابق ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل سیکیورٹی
پاکستانی بیانیہ کے عالمی سطح پر سکہ رائج الوقت ہونے کا بھارتی اعتراف سامنے آیا ہے۔جنوبی ایشیا کے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کا آغاز کرتے ہوئے، بھارت کے سابق ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر اروند گپتا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر جاری بیانیے کی جنگ میں بھارت کو مات دے دی ہے۔
ایک مقبول پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے، سیکیورٹی امور کے ماہر نے اِس بات کی نشاندہی کی کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا بیانیہ اس لیے کامیاب رہا کیونکہ اسلام آباد نے دہائیوں سے عالمی تعلقاتِ عامہ، تھنک ٹینکس اور میڈیا پر اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے بھاری اور سٹریٹجک سرمایہ کاری کی ہے۔
بھارت نے برسوں تک قلیل مدتی پی آر اور ہائی پروفائل میڈیا شوز پر توجہ مرکوز رکھی تاکہ بیرونی دنیا میں اپنی ایک ناقابلِ تسخیر تصویر پیش کر سکے۔ تاہم، ڈاکٹر گپتا کے ریمارکس سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کا عالمی تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ گہرا اور مستقل رابطہ زیادہ پائیدار اور مؤثر ثابت ہوا۔
جموں و کشمیر کے تنازعے اور علاقائی سلامتی جیسے اہم مسائل پر اپنے موقف کو مسلسل اور مدلل انداز میں پیش کر کے، اسلام آباد عالمی رائے عامہ کو تبدیل کرنے اور بین الاقوامی برادری کی اپنے اصولی موقف پر توجہ مبذول کرانے میں کامیاب رہا ہے۔
علاقائی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا ریاستی سرپرستی میں چلنے والا جارحانہ بیانیہ اپنے ہی تضادات کے بوجھ تلے دب کر ناکام ہو رہا ہے۔ جہاں ایک طرف بھارت نے پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی کوشش کی، وہاں دوسری طرف اسلام آباد کی متوازن اور مستقل مزاج کمیونیکیشن اسٹریٹجی نے عالمی پالیسی ساز حلقوں میں حقیقی اثر و رسوخ قائم کیا۔
سفارتی ماہرین کے مطابق،بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اعلیٰ ترین عہدے دار کی جانب سے یہ عوامی اعتراف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کے اسٹیج پر مستقل مزاج سچائی اور اسٹریٹجک حکمتِ عملی، پروپیگنڈے اورسستی شہرت پر فوقیت رکھتی ہے۔