ایران امریکی دھمکیوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا،صدر مسعود پزشکیان
ایران کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں پر قابو پانے کے لیے قومی اتحاد اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔
ایران امریکی دھمکیوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا،صدر مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران امریکی دھمکیوں کے دباؤ میں آکر ہتھیار نہیں ڈالے گا، تاہم تہران موجودہ تنازعات اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
گورنرز اور میئرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں پر قابو پانے کے لیے قومی اتحاد اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم لیڈر نے امن مذاکرات کے حوالے سے متعلقہ حکام کو اختیارات دے دیے ہیں اور ایران بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہتا ہے، لیکن امریکی دھمکیوں کے سامنے کسی صورت سر تسلیم خم نہیں کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ملک کا افزودہ یورینیم بیرون ملک منتقل کرنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اس اقدام پر کسی صورت رضامند نہیں ہوگا۔
اسماعیل بقائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام ماضی میں بھی پُرامن تھا اور آج بھی پُرامن مقاصد کے لیے جاری ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کسی ملک کو محض حملے کی دھمکیاں دینا بھی جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔