شہدا اور غازی قوم  کا دائمی فخر ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر

جنرل ہیڈکوارٹرز میں تقسیم اعزازات کی تقریب

May 21, 2026 · قومی

قومی فخر کے محافظوں کو خراج تحسین

 

راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں پاکستان آرمی کے افسروں اور سپاہیوں کو فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے بطور مہمان خصوصی شہداء، افسروں اور سپاہیوں کے اہل خانہ کو اعزازات سے نوازا۔

آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کی خدمت میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں 50 ستارہ امتیاز (فوجی) اور 12 تمغہ بسالت تقسیم کیے گئے۔ بعد از مرگ دیئے جانے والی تمغے اور اعزازات شہداء کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا اور غازی قوم  کا دائمی فخر ہیں۔ ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے حوصلے، وقار اور ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ ان کی قربانیاں اور وطن کے لیے بے پناہ لگن ناقابل فراموش ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاری اور ثابت قدمی کو بھی سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، تاکہ ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام قائم کیا جا سکے۔