ایران کے رویے نے خلیجی ممالک کا اعتماد ختم کر دیا ، عرب امارات

ایران کے سخت مؤقف اور دوستی کے دعوؤں کے درمیان تضاد نے اعتماد اور ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے ،وزیرِ اعظم کے سینیئر مشیر انور گرگاش

فائل فوٹو

فائل فوٹو

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم کے سینیئر مشیر انور گرگاش نے کہا ہے کہ ایران کے حالیہ برسوں کے بعض طرزِ عمل کے باعث خلیج فارس کے ممالک کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا کہ خطے کے ممالک برسوں سے ایران کے ’دباؤ اور دھمکی آمیز رویے‘ کا سامنا کرتے آئے ہیں، جو اب خلیج کی سیاسی حقیقت کا حصہ بن چکا ہے۔

انور گرگاش نے مزید کہا کہ ایران کے سخت مؤقف اور دوستی کے دعوؤں کے درمیان تضاد نے اعتماد اور ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے بقول، حالیہ کارروائیوں کے بعد ایران ایک نئی صورتحال قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم آبنائے ہرمز پر کنٹرول یا متحدہ عرب امارات کی سمندری خودمختاری میں مداخلت کے دعوے ’محض تصوراتی اور ناقابلِ حصول خواہشات‘ ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ جو بھی ممالک خطے کے عرب ممالک کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنا چاہتے ہیں، انھیں سمجھنا ہوگا کہ اعتماد نعروں سے بحال نہیں ہو سکتا، بلکہ ذمہ دارانہ طرزِ گفتگو، خودمختاری کے احترام اور حقیقی ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔

جنگ کے آغاز کے بعد ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے تیل کے تنصیبات اور مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔