24 گھنٹوں میں 31 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے ،پاسدارانِ انقلاب
تمام بحری جہازوں کی آمد و رفت پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی مکمل سیکیورٹی اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ ممکن ہوئی۔
فائل فوٹو
تہران: ایران کی مسلح افواج پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 تجارتی بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز کے اہم ترین بحری راستے کو عبور کیا ہے۔
ایرانی میڈیا اور سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘تسنیم’ کی جانب سے جاری کردہ آئی آر جی سی نیوی کے ایک بیان کے مطابق ان تمام بحری جہازوں کی آمد و رفت پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی مکمل سیکیورٹی اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ ممکن ہوئی۔
آئی آر جی سی نیوی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان جہازوں میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے تیل بردار بحری جہاز کنٹینر بردار جہاز اور دیگر تجارتی کشتیاں شامل تھیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خطے کے اس انتہائی حساس اور اسٹریٹجک آبی راستے سے گزرنے والے تمام جہازوں کی مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارتی اور بالخصوص تیل کی سپلائی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ایرانی بحریہ کی جانب سے اس گزرگاہ پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔