نیویارک میئر کی ایران جنگ پر شدید تنقید۔ فوری خاتمے کا مطالبہ

جنگ کے اثرات عام شہریوں اور امریکی خاندانوں پر پڑ رہے ہیں۔ ممدانی

May 29, 2026 · بام دنیا

نیو یارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے ایران کے خلاف جاری جنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اثرات نہ صرف بیرونِ ملک عام شہریوں بلکہ اندرونِ ملک محنت کش اور متوسط طبقے کے خاندانوں پر بھی بہت بھاری پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ “آج سے تین ماہ قبل ایک ایسی جنگ شروع ہوئی جس کے لیے کسی نے ووٹ نہیں دیا۔ اور اس کی قیمت وہ لوگ ادا کر رہے ہیں جن کا اس فیصلے میں کوئی کردار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں عام شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جبکہ “امریکی فوج کے تیرہ اہلکار اپنے خاندانوں کے پاس واپس نہیں جا سکیں گے۔

میئر نے مزید کہا کہ امریکہ بھر میں عوام پٹرول پمپ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان کے بجٹ ایک ایسے تنازع کے باعث دباؤ میں ہیں جو کانگریس کی کسی ووٹنگ کے بغیر شروع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک ہر جان کا ضیاع اور یہاں ہر محنت کش خاندان سے نکالا گیا ہر ڈالر ایک ہی غیر ذمہ دارانہ بوجھ کا حصہ ہے، جو ان لوگوں پر ڈالا گیا ہے جو اسے برداشت نہیں کر سکتے جبکہ فیصلے کرنے والے خود اس کی قیمت ادا نہیں کرتے۔