دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کیا جائے،بلاول کا وفاق سے مطالبہ
مودی کی آبی جارحیت کی مذمت، عوام کی طاقت سے 7 جون کو جیت کا اعلان
فائل فوٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نریندر مودی آبی جارحیت کر رہا ہے، وفاق دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کرے۔
چلاس کے فٹ بال گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی الیکشن مہم کے دوران چلاس آئے تھے، گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے، بدقسمتی سے 9 سیٹیں چھین لی گئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ غریب دشمن منشور رکھنے والی جماعتیں الیکشن کو منیج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، پیپلزپارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، سات جون کو عوام کی طاقت سے جیتیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سات جون کو جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے، چلاس کے لوگوں سے ہمارا تین نسلوں کا ساتھ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو آمروں کو للکارا اور غریبوں کی آواز بنیں۔
انہوں نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم بحال کی اور روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے پر عملی کام کیا، آنے والے بجٹ میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کےفنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم مکمل کیا جائے، مودی حکومت آبی جارحیت کر رہی ہے، اور دیامر کی عوام کو شہبازشریف دیامر سپیڈ دکھائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہناتھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے بعد ہی دیگر منصوبوں پر کام کیا جائے، پیپلزپارٹی نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور فوجی اڈے بند کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے۔