عمان کے ساحل پر جہاز پر امریکی حملہ، تمام 20 بھارتی سیلرز محفوظ، ایک ہفتے میں تیسرا واقعہ

یہ واقعہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے لیے جاری امریکی فوجی آپریشنز کا نتیجہ ہے ، برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی

June 11, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نئی دہلی / مسقط: خلیج عمان میں ایران پر امریکی اقتصادی ناکہ بندی کے دوران ایک اور تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارتی وزارتِ جہاز رانی (شپنگ منسٹری) کے مطابق، عمان کے ساحل کے قریب گنی بساؤ کے جھنڈے والے اسفالٹ ٹینکر ‘ایم ٹی جل ویر’ پر مبینہ حملے کے بعد اس پر سوار تمام 20 بھارتی عملے کے ارکان مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

بحری سیکیورٹی کے برطانوی ادارے ‘وینگارڈ’ کے مطابق، عمان کی بندرگاہ ‘شناص’ کے قریب جہاز کے انجن روم اور چمنی کے گرد آگ بھڑک اٹھنے کے بعد ‘جل ویر’ نے ہنگامی امداد کیلیے کال کی ۔

بھارتی وزارتِ جہاز رانی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ عمانی رائل نیوی کی معاونت سے جہاز کے عملے کو بحفاظت نکالنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کو بتایا کہ اس جہاز کو امریکی بحریہ کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ‘ایمبرے’ کا کہنا ہے کہ اگرچہ آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کی گئی تاہم قوی امکان ہے کہ یہ واقعہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے لیے جاری امریکی فوجی آپریشنز کا نتیجہ ہے۔

برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنیوں کے مطابق، یہ رواں ہفتے خطے میں بھارتی عملے پر مشتمل جہازوں پر ہونے والا تیسرا بڑا حملہ ہے۔ اس سے ایک ہی دن پہلے، ایک اور آئل ٹینکر ‘سیٹیبیلو’ پر امریکی حملے میں 3 بھارتی ملاح ہلاک ہو گئے تھے۔