چاہیں تو کل ہی ایران میں داخل ہو سکتے ہیں لیکن میں فوج نہیں بھیجنا چاہتا ، ٹرمپ

ایران کے پاس ’کوئی دفاع نہیں ہے، وہ ختم ہو چکے ہیں لیکن اخبارات اور میڈیا یہ لکھنے سے انکار کر رہا ہے ، انٹر ویو

June 11, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ آج رات ایران پر ’مزید بمباری کرے گا، جو کہ نہ صرف مزید بڑے پیمانے پر ہوگی بلکہ طاقتور بھی ہو گی۔

امریکی چینل فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس ’کوئی دفاع نہیں ہے، وہ ختم ہو چکے ہیں لیکن اخبارات اور میڈیا یہ لکھنے سے انکار کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے کہاکہ ہم چاہیں تو کل ہی وہاں داخل ہوسکتے ہیں، فوجی اہلکار بھیج سکتے ہیں۔ میں وہاں فوجی اہلکار نہیں بھیجنا چاہتا لیکن اگر میں چاہوں تو ہم فوجی اہلکاروں کا ایک چھوٹا دستہ بھیج کر وہاں کا کنٹرول سنبھال سکتے ہیں۔

خیال رہے اس سے قبل ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پوسٹ میں بھی ایران پر آج رات ایک بار پھر حملہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’مستقبل قریب میں کسی بھی وقت ہم خارگ جزیرے اور آئل انفراسٹرکچر کے دیگر اہم مقامات کا کنٹرول سنبھال لیں گے اور اس کی تیل و گیس کی منڈیوں کا مکمل کنٹرول سنبھال لیں گے، بالکل اسی طرح جیسے ہم نے وینزویلا کے ساتھ کیا ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے نے فاکس نیوز کو بتایا کہ امریکہ نے گذشتہ رات ایران پر ’250 ملین ڈالر مالیت کے بم گرائے‘ اور خارگ جزیرے پر قبضہ کرنے کی اپنی دھمکی کو دہرایا۔

تاہم انھوں نے اس بات پر شبہات بھی ظاہر کیے کہ آیا امریکہ میں ایسی فوجی کارروائی کے لیے ’حوصلہ‘ موجود ہے یا نہیں۔

ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’مجھے یقین نہیں کہ ملک میں ایسے عسکری آپریشن کی خواہش موجود ہے، چاہے یہ جتنا بھی اچھا ہو۔