عالمی تیل بحران، بھارت نے ڈیزل کی فروخت محدود کر دی

سرکاری ایندھن فراہم کرنے والے ادارے بڑھتی ہوئی طلب اور سپلائی میں کمی کے باعث دباؤ کا شکار ہیں۔

June 12, 2026 · بام دنیا

نئی دہلی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی میں کمی کے اثرات اب بھارت کی توانائی مارکیٹ پر بھی ظاہر ہونے لگے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں ڈیزل کی فروخت پر 90 دن کے لیے پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ سرکاری ایندھن فراہم کرنے والے ادارے بڑھتی ہوئی طلب اور سپلائی میں کمی کے باعث دباؤ کا شکار ہیں۔

حکومتی ہدایات کے مطابق پٹرول پمپ ڈیلرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایک صارف یا گاڑی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 200 لیٹر ڈیزل فراہم کریں۔ اسی طرح تجارتی صارفین کو عام ریٹیل پمپس سے ایندھن خریدنے سے روک دیا گیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی طلب میں غیر معمولی اضافہ اور عالمی سپلائی چین میں خلل کے باعث یہ ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ ایندھن کی دستیابی کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے اثرات عالمی منڈیوں پر واضح ہو رہے ہیں اور بھارت کا یہ فیصلہ بھی اسی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر خطے کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو دیگر ایشیائی ممالک بھی ایندھن کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا کر سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ پابندیاں عارضی ہیں اور صورتحال بہتر ہونے پر ان کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔