شدید گرمی کی لہر، امریکہ میں پاور ایمرجنسی نافذ
یہ ایمرجنسی اقدام جمعہ کی رات تک مؤثر رہے گا، تاہم اگر ہیٹ ویو جاری رہی تو مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
واشنگٹن: شدید گرمی کی لہر کے باعث امریکا کے جنوب مشرقی ریاستوں میں پاور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وفاقی حکومت نے بجلی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور توانائی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔
امریکی محکمہ توانائی کی جانب سے جاری حکم نامے میں توانائی کمپنیوں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ پاور پلانٹس کو زیادہ سے زیادہ صلاحیت پر چلائیں اور بعض ماحولیاتی پابندیوں میں نرمی کے ساتھ بجلی کی پیداوار بڑھائیں۔
یہ ہنگامی اقدامات شمالی کیرولائنا، جنوبی کیرولائنا سمیت مشرقی ساحلی علاقوں میں نافذ کیے گئے ہیں، جہاں شدید گرمی کے باعث پاور گرڈ پر غیر معمولی دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ ایمرجنسی اقدام جمعہ کی رات تک مؤثر رہے گا، تاہم اگر ہیٹ ویو جاری رہی تو مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث بجلی کے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور مستقبل میں ایسے بحرانوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔