آم نے دو بچیوںکی جان لے لی
چند روز قبل 17 سالہ بھونیشوری کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، جس کے بعد اب اس کی 10 سالہ بہن سندھیا بھی دورانِ علاج دم توڑ گئی ہے
حیدرآباد،بھارت میں مبینہ طور پر آم کھانے سے ایک ہی خاندان کی دو بچیوں کی موت کے افسوسناک واقعے نے علاقے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل 17 سالہ بھونیشوری کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، جس کے بعد اب اس کی 10 سالہ بہن سندھیا بھی دورانِ علاج دم توڑ گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کے افراد نے رشتہ دار کے لائے گئے آم کھائے تھے، جس کے بعد گھر کے تمام افراد کی طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر 17 سالہ لڑکی بھونیشوری دورانِ علاج انتقال کر گئی تھی جبکہ سندھیا کی حالت انتہائی تشویشناک رہی، جو بعد میں جانبر نہ ہو سکی۔
دیگر افراد میں سے والدین اور دو بہنوں کی حالت بہتر ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آم کھانے کے بعد اہل خانہ کی حالت کیوں بگڑی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت میں تربوز سے مبینہ طور پر صحت کے مسائل اور اموات کے واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔