امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن معاہدہ سامنے آ گیا

جنگ بندی کو مزید 60 روز تک توسیع دینے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

June 12, 2026 · بام دنیا

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے مجوزہ مسودے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس میں کئی اہم تجاویز شامل کی گئی ہیں۔

مجوزہ دستاویز کے مطابق جنگ بندی کو مزید 60 روز تک توسیع دینے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں اور بعض اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی بات بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کے دوران ایران کے افزودہ یورینیئم پروگرام سے متعلق مذاکرات جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مسودے میں تمام فریقین کو فوری طور پر فوجی کارروائیاں روکنے اور کسی بھی قسم کی جارحیت سے اجتناب کرنے کا پابند بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ جنگ بندی کی مدت کے دوران خلاف ورزی کی صورت میں تنازع کو ایک متفقہ ثالثی اور رابطہ کاری کے نظام کے ذریعے حل کرنے کی شق بھی شامل ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کی ثالثی کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان امن تجاویز کا تبادلہ ہوا ہے اور فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔