کراچی میں کیش وین سے 30 کروڑ روپے کی ڈکیتی
رضوان پارک کے قریب واردات، چیف کریو سمیت ملزمان فرار
فائل فوٹو
فیڈرل بی ایریا کراچی میں سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے 30 کروڑ روپے کی ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی جوہرآباد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تفصیلی جائزے کے بعد متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
پولیس کے مطابق کیش وین طارق روڈ سے ایک نجی بینک میں رقم پہنچانے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ رضوان پارک کے قریب عملہ چائے پینے کے لیے رکا تو واردات پیش آئی۔
چار ملزمان موقع پر پہنچے اور سیکیورٹی کمپنی کی وین پر قبضہ کر لیا۔ ملزمان کیش وین کو الطاف پکوان والی گلی میں لے گئے، جہاں رقم سے بھرے تھیلے دوسری گاڑی میں منتقل کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں سیکیورٹی کمپنی کے چیف کریو واجد پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واجد نے کیش کیبن کی چابیاں گارڈز سے حاصل کیں اور ملزمان کو رقم تک رسائی فراہم کی۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان واردات سے قبل پچھلی گلی میں گاڑی پارک کرکے پیدل آئے تھے، جبکہ واردات کے بعد چیف کریو واجد بھی ملزمان کے ہمراہ فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد واجد کے واردات میں ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
دیگر ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور کیش وین ڈکیتی کے تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔