ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 64 رنز سے شکست دیدی
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی پٹائی کی۔
فوٹو سوشل میڈیا
برمنگھم:ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 کے گروپ میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 64 رنز سے شکست دے دی۔
برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 17 اوورز میں 106 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، بھارت کی دیپتی شرما نے چار اوورز میں 10 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی طرف سے منیبہ اقبال 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ عالیہ ریاض نے 18 رنز بنائے، دیگر بیٹرز بھارتی اسپن اٹیک کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکیں۔
میچ کا اہم موڑ 11ویں اوور میں آیا جب پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا صفر پر آؤٹ ہوئیں، جبکہ سیٹ بیٹر منیبہ علی رن آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد پاکستان کی امیدیں ختم ہوگئیں۔
ھارت کی منظم بولنگ اور عمدہ فیلڈنگ کے باعث پاکستان مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکا اور میچ 64 رنز سے ہار گیا، جبکہ بھارت نے ٹورنامنٹ میں دو اہم پوائنٹس حاصل کر لیے۔
اس سے قبل بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی، اوپنر سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بھارت کی پہلی وکٹ 6رنز پر گری شیفالی ورما 6 رنز بناکر سعدیہ اقبال کا شکار ہوئیں، میچ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی دوسری وکٹ 18 کے اسکور پر گری، جمائیما روڈریگز 1 رن بنا کر تسمیہ رباب کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
ابتدائی دو وکٹیں صرف 18 رنز پر گرنے کے بعد بھارت دباؤ میں تھا، اس کے بعد سمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور نے اننگز کو سنبھالا، مندھانا کی نصف سنچری نے بھارت کو مضبوط بنیاد فراہم کی، آخری اوورز میں رِچا گھوش کی جارحانہ بیٹنگ نے رن ریٹ میں نمایاں اضافہ کیا۔
17ویں اوورز میں ہرمن پریت کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے واپسی کی کوشش کی، لیکن رِچا گھوش نے اختتامی اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بنا کر بھارت کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے فینز بڑی تعداد میں اپنے ٹیموں کی سپورٹ کیلئے اسٹیڈیم پہنچے، ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔