اسحاق ڈار کا امریکی۔ ایرانی قیادت کے اعتماد پر اظہارِ تشکر
نائب وزیرِ اعظم نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کی سفارتی کوششوں کو سراہا
فائل فوٹو
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس پیش رفت کو سفارت کاری کی کامیابی سمجھتا ہے اور امریکی و ایرانی قیادت کے اعتماد سازی کے اقدامات کو سراہتا ہے۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات اور مکالمہ ہی بین الاقوامی مسائل کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پورے عمل کے دوران تحمل، ذمہ دارانہ رویے اور تعمیری سفارتی روابط کی مسلسل حمایت کی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کی سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت میں بھی استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے۔
نائب وزیرِ اعظم کے مطابق یہ معاہدہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان 19 جون کو جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے اور مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کی راہیں ہموار کرے گی، جبکہ پاکستان علاقائی امن و تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ یہ معاہدہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے۔