اسحاق ڈار اور جاپانی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ،ایران امریکا مفاہمت کا خیرمقدم

دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

June 15, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے جاپان کے وزیر خارجہ نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

گفتگو کے دوران جاپانی وزیر خارجہ نے امن کے فروغ اور سفارتی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور تعمیری ثالثی کی کاوشوں پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل سفارتی رابطے اور باہمی مشاورت ضروری ہیں۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باقاعدہ تبادلہ خیال جاری رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔