جی بی کے 6 حلقوں میں انتخابی اعتراضات مسترد،نتائج برقرار

دوبارہ گنتی اور ری پولنگ کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں

June 15, 2026 · قومی

جی بی اے-16 دیامر II میں آزاد امیدوار امام مالک کی ری پولنگ کی درخواست مسترد کردی گئی تاہم پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی کا حکم دیا گیا ہے/ فائل فوٹو

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابی تنازعات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے جی بی کے 6 حلقوں میں نتائج کے خلاف اعتراضات مسترد کر دیے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت راجہ شہباز کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق جی بی اے-17 دیامر 3 پر دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی اور اس نشست پر پیپلز پارٹی کے محمد نسیم کی جیت برقرار رکھی گئی۔

فیصلے کے مطابق جی بی اے-18 دیامر 4 پر اعتراض مسترد ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان کی کامیابی برقرار رہی، جبکہ جی بی اے-14 استور II میں بھی اعتراض مسترد کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رانا محمد فاروق کی جیت برقرار رکھی گئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جی بی اے-20 غذر II پر اعتراض مسترد ہونے کے بعد (ن) لیگ کے عبدالجہان کی کامیابی برقرار رہی،جی بی اے-19 غذر I میں بھی اعتراض مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سید جلال شاہ کی جیت برقرار رکھی گئی۔

مزید برآں جی بی اے-15 دیامر I میں اعتراض مسترد ہونے کے بعد آزاد امیدوار دلپذیر کی کامیابی برقرار رہی، جی بی اے-5 نگر I میں بھی اعتراض مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی مراد کی جیت برقرار رکھی گئی۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق جی بی اے-16 دیامر II میں آزاد امیدوار امام مالک کی ری پولنگ کی درخواست مسترد کردی گئی، تاہم پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی کا حکم دیا گیا ہے۔