امریکا سے معاہدے کے بعد ایرانی ریال کی اونچی پرواز

آج بھی ایرانی ریال کی طلب معمول سے کہیں زیادہ رہی، جس کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں اور خریداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ہے۔

June 16, 2026 · کامرس

کراچی: امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی خبروں کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جبکہ مقامی مارکیٹ میں اس کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔

ایکسچینج مارکیٹ سے وابستہ ذرائع کے مطابق ایرانی ریال کی قیمت میں ایک ہی دن کے دوران قابلِ ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت بڑھ کر تقریباً 4 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق معاہدے سے متعلق پیش رفت سامنے آنے کے بعد پہلے ہی روز ایرانی ریال کی خرید و فروخت میں غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی اور اربوں روپے مالیت کے ریال کا لین دین ہوا۔

چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آج بھی ایرانی ریال کی طلب معمول سے کہیں زیادہ رہی، جس کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں اور خریداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ہے۔

ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سفارتی پیش رفت اور معاشی توقعات میں بہتری کرنسی مارکیٹ پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں، جس کے باعث ایرانی ریال کی قدر میں یہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔