خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں یکساں لازمی ٹائم ٹیبل نافذ۔طلبہ سوسائٹیز لازمی

، اساتذہ کی تعیناتی آفیشل چارٹ کے مطابق ہوگی

June 16, 2026 · قومی

فائل فوٹو

ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں (پرائمری تا ہائر سیکنڈری) کے لیے نیا اور لازمی اسٹینڈرڈائزڈ ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے، تمام پرانے شیڈولز منسوخ تصور ہوں گے۔

نئے نظام الاوقات کے مطابق تمام اسکول موسمِ گرما اور سرما کے اوقات اور پیریڈز کے دورانیے پر سختی سے عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ اساتذہ میں مضامین کی تقسیم (سبجیکٹ ورک لوڈ ) آفیشل چارٹ کے مطابق ہوگی۔

ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں طلبہ کی تربیت کے لیے آٹھواں پیریڈ اور اسٹوڈنٹ سوسائٹیز کا قیام لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پرائمری سیکشن میں روزانہ 7 پیریڈز ہوں گے۔ پہلی تا تیسری جماعت میں تدریس کا دورانیہ 4 گھنٹے 35 منٹ مقرر کیا گیا ہے اور ہر پیریڈ 30 منٹ کا ہوگا۔ ان کلاسز میں گرمیوں میں چھٹی 12 بج کر 5 منٹ اور سردیوں میں 1 بج کر 5 منٹ پر ہوگی۔

چوتھی تا پانچویں جماعت میں تدریسی دورانیہ 5 گھنٹے 10 منٹ ہوگا اور ہر پیریڈ 35 منٹ کا رکھا گیا ہے۔ ان جماعتوں میں گرمیوں میں چھٹی 12 بج کر 40 منٹ اور سردیوں میں 1 بج کر 40 منٹ پر ہوگی۔

دونوں پرائمری سیکشنز میں روزانہ 20 منٹ اسمبلی (بشمول اخلاقی درس)، 15 منٹ ناظرہ اور 5ویں پیریڈ کے بعد 30 منٹ کا بریک ہوگا۔

مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری سیکشن میں روزانہ 8 پیریڈز ہوں گے اور ہر پیریڈ 40 منٹ کا ہوگا۔ موسمِ گرما میں تدریسی وقت صبح ساڑھے 7 بجے سے دوپہر 1 بج کر 40 منٹ تک ہوگا جس میں 20 منٹ کا وقفہ شامل ہے۔

موسمِ سرما میں اوقات صبح سوا 8 بجے سے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ تک ہوں گے جس میں چائے اور نماز کا وقفہ شامل ہوگا۔

ہائی اور کالج لیول پر آٹھواں پیریڈ پڑھائی کے بجائے کردار سازی کے لیے مخصوص ہوگا، جس میں 5 سوسائٹیز کام کریں گی جن میں ادبی و مباحثہ سوسائٹی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پوئٹری اینڈ ڈراما، سیرت سوسائٹی اور کمیونٹی سروس سوسائٹی شامل ہیں۔

ان سرگرمیوں کا کوئی تحریری امتحان نہیں ہوگا جبکہ گریڈنگ بچوں کی کارکردگی پر ہوگی۔ سرٹیفکیٹ کے لیے 75 فیصد حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔