فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شائقین کی حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم
ایک دن میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین میچز دیکھنے آئے تھے۔ اس طرح موجودہ ایونٹ نے تین دہائی پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شائقین کی حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جسے فٹبال کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
فیفا کے مطابق 16 جون کو کھیلے گئے چار میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا، جو ایک دن میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی موجودگی کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 1994 کے ورلڈ کپ کے پاس تھا، جب ایک دن میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین میچز دیکھنے آئے تھے۔ اس طرح موجودہ ایونٹ نے تین دہائی پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق فرانس، سینیگال، عراق، ناروے، ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے میچز میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس نے اس ایونٹ کو ایک یادگار دن بنا دیا۔
فیفا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی چھ دنوں میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین اسٹیڈیمز پہنچ چکے ہیں، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار سے زائد رہی ہے۔
فیفا حکام کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو ٹورنامنٹ مجموعی حاضری کے ایک اور تاریخی ریکارڈ کی طرف بڑھ رہا ہے، کیونکہ 1994 کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ شائقین نے میچز دیکھے تھے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ 16 جون 2026 ورلڈ کپ کی تاریخ کا یادگار دن بن گیا، اور شائقین نے پورے ٹورنامنٹ کو رنگ، جوش اور عالمی یکجہتی کا مظہر بنا دیا ہے۔