امریکی نائب صدر کا اسرائیلی حکومت کو دوٹوک پیغام
جے ڈی وینس نے اسرائیلی قیادت کو پالیسی پر نظرثانی کا مشورہ دیدیا
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر اسرائیلی حکومت کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اسرائیلی رہنما حقائق کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران جے ڈی وینس نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی کابینہ کے بعض ارکان نے معاہدے پر اعتراضات اٹھائے ہیں، جبکہ کچھ شخصیات نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی دفاعی صلاحیتوں میں امریکہ کا بنیادی کردار ہے اور حالیہ مہینوں میں اسرائیل کے استعمال میں آنے والے بیشتر دفاعی وسائل امریکی معاونت اور امریکی ٹیکس دہندگان کے مالی تعاون سے فراہم کیے گئے۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل میں کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اس کے مسائل کی جڑ امریکی قیادت ہے تو اسے زمینی حقائق کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے چیلنجز کا حل صرف طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ سفارت کاری اور سیاسی حکمت عملی میں بھی تلاش کیا جانا چاہیے۔
جے ڈی وینس نے یاد دلایا کہ وہ ماضی میں بھی لبنان میں شہری علاقوں پر اسرائیلی حملوں پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں اور خطے میں امن معاہدوں کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔