خیبر پختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
بجٹ کا مجموعی حجم 2280 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے
خیبر پختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم دن دو بجے بجٹ پیش کریں گے۔
بجٹ کا مجموعی حجم 2280 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے،خیبرپختونخوا بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7.7 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ترقیاتی کاموں کیلئے صوبائی اے ڈی پی میں 225 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے، ترقیاتی بجٹ میں 150 ارب روپے فارن ایڈ/اسسٹنس کی مد میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔
روڈ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے زیادہ 60 ارب روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے، بجٹ میں 2500 سے زائد ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔
خیبر پختونخوا کو اگلے مالی سال بھی رواں مالی سال کی طرح 1379 ارب روپے وفاق سے ملنے کی توقع ہے، دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ ہونے کی باعث کے پی کو وفاق سے ایک فیصد کی مد 139 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔