ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ2026 شیڈول اور رجسٹریشن کا اعلان
امتحان 16 اگست کو ہوگا، آن لائن رجسٹریشن 22 جون سے شروع
فائل فوٹو
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026ء کے شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 16 اگست 2026ء بروز اتوار صبح 10 بجے منعقد ہو گا، جبکہ آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہو گا اور یہ عمل 8 جولائی تک جاری رہے گا۔ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک کی جا سکے گی۔
پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہو گی۔ بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹرز کے لیے فیس 45 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ تمام فیسیں ناقابلِ واپسی اور ناقابلِ منتقلی ہوں گی۔
امتحان کا انعقاد سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبر پختون خوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے تحت کیا جائے گا۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیرِ انتظام ہوگا۔
سندھ کے امیدوار کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں جبکہ پنجاب کے امیدوار 14 شہروں میں امتحان دیں گے۔ خیبر پختون خوا میں 8 شہروں اور بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں امتحان دے سکیں گے، بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں مرکز قائم ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایک بار منتخب کیا گیا امتحانی مرکز تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔ ایم ڈی کیٹ 180 کثیرالانتخابی سوالات پر مشتمل ہوگا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو رجسٹریشن ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے مکمل کرنا ہوگی اور نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
سلیبس اور دیگر تفصیلات پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا اختیار کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔