کاوا چیمپئن شپ: بھارتی ٹیم نے پاکستان سے سیکیورٹی گارنٹی مانگ لی
اسلام آباد میں ہونے والی والی بال چیمپئن شپ، بھارتی شرکت پر سیکیورٹی کلیرنس کی درخواست
فائل فوٹو
نئی دہلی: بھارتی والی بال ٹیم نے اسلام آباد میں آئندہ ماہ کھیلی جانے والی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے سیکیورٹی گارنٹی مانگ لی ہے۔
بھارتی والی بال فیڈریشن نے پاکستان والی بال فیڈریشن سے رابطہ کر کے حکومتی سیکیورٹی کلیرنس دینے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔
چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب کے مطابق بھارتی فیڈریشن نے یہ درخواست اس مقصد کے لیے کی ہے تاکہ بھارتی ٹیم پاکستان آنے اور ویزوں کے حصول کے لیے بھارتی حکومت سے منظوری لے سکے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستان آنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی گئی ہے اور متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ بھی کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کرتی ہے تو ٹورنامنٹ کی اہمیت اور شائقین کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
کاوا انٹرنیشنل والی بال چیمپئن شپ 22 سے 29 جولائی تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں 10 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں افغانستان، بنگلا دیش، نیپال، ترکمانستان، کرغزستان، قازقستان، مالدیپ، سری لنکا، بھارت اور میزبان پاکستان شامل ہیں۔