پی ٹی آئی میثاقِ جمہوریت کے لیے تیارہے، اسد قیصر کا اہم اعلان

عمران خان کو علاج کا حق دیا جائے انکو ہسپتال منتقل کیا جائے ہمارا مطالبہ قانونی، آئینی اور رولز کے مُطابق ہے، میڈیا سے گفتگو

June 19, 2026 · قومی
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر—فائل فوٹو

اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے حکومتی وفد کے ساتھ ہم نے فاٹا اور پاٹا کے ٹیکسز کے حوالے سے بات کی۔ ہمارے ساتھ وہ تمام اراکینِ اسمبلی بھی موجود تھے جو فاٹا اور پاٹا سے تعلق رکھتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےا نہوں نے کہا اس وقت پہلے ہی افغانستان کے ساتھ کاروبار بند ہے اور معاشی سرگرمیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی نیا ٹیکس عائد کیا جائے گا تو وہاں کی بچی کھچی معیشت بھی متاثر ہو جائے گی۔

حکومت نے کہا کہ وہ اس معاملے پر غور کر رہی ہے اور مشاورت کے بعد ہمیں آگاہ کر دے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو علاج کا حق دیا جائے انکو ہسپتال منتقل کیا جائے ہمارا مطالبہ قانونی، آئینی اور رولز کے مُطابق ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا ملاقات میں سیاسی معاملات پر باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی تاہم ہم چاہتے ہیں ملک میں میثاق جمہوریت ہونا چاہئےکیونکہ ملک، جمہوریت اور قومی ادارے سب کے مشترکہ ہیں۔