خلیجِ فارس میں قطری ایل این جی بردار جہاز پر پروجیکٹائل سے حملہ

جہاز محفوظ ہے اور بدستور کام کرنے کے قابل ہے ،قطری کمپنی کا اعلان

November 1, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

دوحہ: قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلیجِ فارس کے پانیوں سے گزرنے والے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار ایک جہاز کو ’نامعلوم سمت سے‘ ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شام پیش آیا اور اس حملے کا نشانہ قطری گیس ٹرانسپورٹ کمپنی کا جہاز ’المعیدہ‘ بنا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں جہاز کا کوئی بھی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی اس کے نتیجے میں ماحول کو کوئی نقصان پہنچا۔

قطری کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جہاز محفوظ ہے اور بدستور کام کرنے کے قابل ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران نے آبنائے ہرمز میں آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور ان جہازوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں کی ہیں جنھیں وہ ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والا قرار دیتا ہے۔

دوسری جانب امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

جنگ میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر نے گذشتہ چند روز کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔