بلوچستان حکومت کا ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج کے لئےبیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ
ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید خصوصی علاج کے لیے امریکا بھجوایا جائے گا ،بلوچستان حکومت
فائل فوٹو
کوئتہ: بلوچستان حکومت نے تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرون ملک علاج معالجے کا فیصلہ کرلیا۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرون ملک علاج کے لیے متعلقہ حکام کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔اس وقت ڈاکٹر ماہ نور ناصر کا علاج کراچی کے آغا خان اسپتال میں جاری ہے اور مزید ایک ہفتے تک علاج و معالجہ جاری رہے گا۔
ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید خصوصی علاج کے لیے امریکا بھجوایا جائے گا اور حکومت بلوچستان نے اس ضمن میں ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
اد رہے کہ 6 جون کو کوئٹہ کے سینڈیمن سول اسپتال کے سرجیکل وارڈ میں ایک لفٹ آپریٹر نے مبینہ طور پر ڈاکٹر ماہ نور پرتیزاب پھینکا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئی تھیں۔ واقعے کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کراچی منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تیزاب گردی میں ملوث ملزم ہمایوں شاہ واقعے کے بعد فرار ہو گیا تاہم سرچ آپریشن کے دوران انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران ملزم نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے بعد جوابی کاروائی میں وہ مارا گیا۔