کراچی میں نامی گرامی کرپٹو ٹریڈراغوا۔ 5 لاکھ ڈالر سے محروم

گلستان جوہر تھانے میں مقدمہ درج

June 20, 2026 · امت خاص

 

کراچی کے علاقےگلستانِ جوہر میں انٹرنیشنل بائنانس مقابلہ جیتنے والے ٹریڈر جے ایس راؤ کو اغوا کر لیا گیا۔ ملزمان نے تشدد کر کے ٹریڈر کی ناک اور ہاتھ توڑ دیے اور ڈیجیٹل والٹ سے 5 لاکھ ڈالر (تقریباً 14 کروڑ روپے سے زائد) اڑا لیے۔

پولیس نے متاثرہ شہری جان شیرخان عرف جے ایس راؤ کی مدعیت میں اغوا اور لوٹ مار کا باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر میں متاثرہ شہری نے بیان دیا کہ وہ فری لانسنگ کا کام کرتے ہیں اور رواں ماہ 16 تاریخ کی رات اپنے دوست کنور حسین کی گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ منور چورنگی کے قریب دوست نے انہیں ان کی موٹرسائیکل کے پاس اتارا، جہاں سے وہ گھر کی طرف روانہ ہوئے ۔رات تقریباً ڈھائی بجے ایک کار نے انہیں ٹکر مار کر گرا دیا۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ چار مسلح ملزمان انہیں زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ان کے تمام آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی گئی اور ڈیجیٹل والٹس سے لاکھوں ڈالر منتقل کر دیے گئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے ان کے دوستوں سے بھی ان کے نام پر ڈالر طلب کیے اور ان کا آئی فون بھی ساتھ لے گئے۔

بعد ازاں صبح صادق کے وقت انہیں دوبارہ گاڑی میں گھمایا گیا اور ایک نامعلوم مقام پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر چھوڑ دیا گیا، پٹی ہٹانے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ بن قاسم کے علاقے میں موجود ہیں، جہاں سے وہ بائیکیا کے ذریعے اپنے گھر پہنچے۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ واردات کے مقام اور اطراف کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
جے ایس راؤ کے مطابق یہ کرپٹو ٹریڈرز کے اغوا اور لوٹنے کا تیسرا واقعہ ہے۔
جنوری 2025 میں ارسلان ملک نامی ایک اور بڑے کرپٹو ٹریڈرکو بھی اسی طرح لوٹا گیا تھا جس میں پولیس اہل کار ملوث پائے گئے تھے۔ انہیں عدالت نے جیل بھجوایا تھا۔
ذرائع کے مطابق، جے ایس راؤ کیس میں بھی اسی قسم کے شبہے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔