ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:نیوزی لینڈ کی آئرلینڈ کے خلاف سنسنی خیز فتح
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔
ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آئرلینڈ کو 4 رنز سے شکست دے دی۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ ایزی شارپ 36، بروک ہالیڈے 34 جبکہ کپتان میلی کیر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ آئرلینڈ کی جانب سے اورلا اور کارا مرے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے عمدہ آغاز کیا اور اورلا پرینڈرگاسٹ اور گیبی لوئیس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 110 رنز جوڑ کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اورلا نے 59 جبکہ گیبی لوئیس نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
تاہم دونوں بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آئرش ٹیم مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔ آخری اوور میں جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے لیکن ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی کپتان میلی کیر نے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار آل راؤنڈ کھیل پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔