امریکی صدر کا 35 سال پرانا ایئرفورس ون طیارہ ریٹائر

یہ بوئنگ 747 طیارہ 1990 میں امریکی فضائی بیڑے کا حصہ بنا تھا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک سہولت فراہم کرتا رہا

June 20, 2026 · بام دنیا

امریکہ(اُمت نیوز) امریکی صدر کے زیر استعمال تاریخی صدارتی طیارہ ایئرفورس ون 35 سال سے زائد خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر کر دیا گیا ہے، جبکہ قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا جدید بوئنگ 747 اب نیا صدارتی طیارہ ہوگا۔

یہ بوئنگ 747 طیارہ 1990 میں امریکی فضائی بیڑے کا حصہ بنا تھا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک مختلف امریکی صدور کو ملکی و غیر ملکی دوروں پر سہولت فراہم کرتا رہا۔ اس دوران یہ طیارہ سیکڑوں اہم سفارتی مشنز اور عالمی سربراہی اجلاسوں کا حصہ بھی رہا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں جی سیون اجلاس کے بعد اسی طیارے کے ذریعے واشنگٹن واپسی کی آخری پرواز کی، جس کے ساتھ اس کی عملی سروس کا اختتام ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا 40 کروڑ ڈالر مالیت کا بوئنگ 747 اب نئے ایئرفورس ون کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ امریکی حکام کے مطابق اس جدید طیارے کو عارضی طور پر صدارتی فضائی بیڑے میں شامل کیا جا رہا ہے۔

ریٹائر ہونے والا طیارہ سابق صدر جارج ایچ ڈبلیو بش سے لے کر موجودہ صدر تک امریکی صدور کی سفری ضروریات پوری کرتا رہا اور اپنی منفرد پہچان کے باعث عالمی سطح پر امریکی صدارت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔