کراچی میں رینجرز کی کارروائی،مطلوب دہشتگرد گرفتار
گرفتار ملزم کی شناخت جاوید علی خان عرف سواتی کے نام سے ہوئی ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
کراچی۔سندھ رینجرز نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے شاہ لطیف ٹاؤن سے ایک مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت جاوید علی خان عرف سواتی کے نام سے ہوئی ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد سوات میں ہونے والی متعدد تخریبی کارروائیوں، حملوں اور لوٹ مار میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف مختلف مقدمات درج ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کارروائیوں کے بعد کراچی منتقل ہو کر اپنا نیٹ ورک دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم 2007 میں ایک کالعدم گروہ سے منسلک ہوا اور بعد ازاں 2022 میں بیرون ملک سے واپسی کے بعد دوبارہ سرگرم ہوا۔
حکام کے مطابق ملزم 7 جون 2026 کو سوات کے علاقے میں ایک حملے میں بھی ملوث رہا ہے جس میں شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔