گلگت بلتستان میں پی پی کاراستہ روکنےکی کوشش کی جارہی ہے،نیئر بخاری

پیپلزپارٹی کو 12 نشستیں اپیلٹ بینچ فیصلے معطل انتخابی تنازع جاری ہے

June 20, 2026 · قومی

فائل فوٹو

نیئر بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کے راستے کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد پیپلزپارٹی کے پاس 12 نشستیں ہو چکی ہیں جبکہ سپریم اپیلٹ بینچ نے پیپلزپارٹی کے دو کامیاب امیدواروں کے آرڈر معطل کر کے 2 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کی گنتی میں جیتنے والے پی پی امیدوار کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ہرا کر مخالف کو فارم 49 جاری کیا گیا۔ انتخابی قوانین کے مطابق پولنگ کے 14 دن کے اندر آفیشل گزٹ جاری ہونا ضروری ہے جو ابھی تک جاری نہیں ہوا۔

نیئر بخاری کے مطابق آفیشل گزٹ جاری ہونے سے پہلے ہی چیف الیکشن کمشنر نے آزاد امیدوار کو آئی پی پی کا رکن قبول کر کے قبل از وقت فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں معاملات آئین اور قانون کے مطابق نہیں چل رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے پاس مخصوص اور ٹیکنوکریٹ نشستیں ملا کر 17 سے 19 نشستوں کی واضح اکثریت بنتی ہے اور پارٹی حکومت بنائے گی۔

ان کے مطابق آئی پی پی قیادت نے پیپلزپارٹی سے ملاقات میں حکومت سازی میں تعاون کے بدلے وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) سے بھی بات چیت ہوئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ قیادت کرے گی کہ حکومت کیسے بنانی ہے اور کس کو اتحاد میں شامل کرنا ہے۔