آزاد کشمیر کے 37 انتخابی حلقوں میں نوازلیگ کے ٹکٹ جاری

8 حلقوں پر مشاورت جاری، آئندہ دو روز میں فیصلے متوقع

June 20, 2026 · قومی

فائل فوٹو

آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے 37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 8 حلقوں پر مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ اور امیر مقام کو انتخابی ٹاسک سونپ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ باقی 8 امیدواروں کی ٹکٹوں کا اعلان آئندہ دو روز میں متوقع ہے اور اس سلسلے میں اہم امیدواروں سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق چوہدری محمد اظہر صادق کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور انتخابی معاملات طے پا گئے ہیں۔
عباس پور سے یاسین گلشن، لچھراٹ سے چوہدری شہزاد، جبکہ راج محل کوٹلی سے ملک نواز کو ٹکٹ ملنے کے امکانات ہیں۔

راولاکوٹ ایل اے-22 سے سردار جاوید شریف کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام نام حتمی منظوری کے لیے نواز شریف کو بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ پارٹی ڈسپلن برقرار رکھنے کے لیے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔