پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینکمیں 70 کروڑ ڈالر قرض کامعاہدہ
انشورنس شعبے کی اصلاحات اور مالیاتی نظام کی مضبوطی کیلئے معاہدہ
فائل فوٹو
اسلام آباد میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پالیسی بنیادوں پر قرض کے ایک اہم معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جس کے تحت پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
وزارتِ اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق یہ مالی معاونت انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت دی جائے گی جبکہ مجموعی رقم میں سے 25 کروڑ ڈالر رعایتی شرائط پر فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے دستخط کیے۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے اس موقع پر کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے اور انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانا اور جامع اصلاحات متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام “اڑان پاکستان” اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے انشورنس شعبے کی ترقی کے پانچ سالہ روڈ میپ کی معاونت کرے گا اور قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی اور قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی کے اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے کہا کہ یہ ایک اہم اور انقلابی پروگرام ہے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں نئی کمپنیوں کے داخلے کو آسان بنانا اور منصفانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اثاثوں کے بیمہ میں نجی انشورنس کمپنیوں کی شمولیت بڑھائی جائے گی جبکہ پروگرام کے ذریعے ریگولیٹری نظام اور صارفین کے تحفظ کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔