نیتن یاہو کا جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے روکنے کا حکم

یہ فیصلہ امریکی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔

June 20, 2026 · بام دنیا

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں جاری فوجی کارروائیاں روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ امریکی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع نے خطے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حملے معطل کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ اسرائیلی وزارت خارجہ نے حزب اللّٰہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللّٰہ کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز سرگرمیوں کے جواب میں اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

دوسری جانب حزب اللّٰہ نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے اصولوں کی پابندی کے لیے تیار ہے، تاہم لبنان کی سرزمین پر کسی بھی پیش قدمی یا قبضے کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

تنظیم کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ کی جانب بڑھنے والی اسرائیلی فوجی نقل و حرکت کو نشانہ بنایا گیا۔ حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ جنگ بندی پر عمل پیرا ہے، لیکن اسرائیلی حملوں میں اضافے کے باعث صورتحال کشیدہ ہو رہی ہے اور وہ کسی بھی ممکنہ ردعمل کے لیے تیار ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ بندی کے باوجود دونوں فریق ایک دوسرے پر خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی۔