’میناب 168‘ مشن کا آغاز۔ ایرانی وفد سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا
میناب کے مظلوم بچوں اور شہیدوں کو اپنےکاموں کاگواہ سمجھتا ہوں۔ باقرقالیباف
ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع مذاکرات کے سلسلے میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وفد کو ’’میناب 168‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
وفد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، قومی سلامتی کونسل کے سینئر عہدیدار علی باقری، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی بھی شامل ہیں۔ وفد مذاکراتی عمل میں ایران کے سیاسی، سفارتی اور اقتصادی مؤقف کی نمائندگی کرے گا۔
علاوہ ازیں اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ اور چیف مذاکرات کار محمد باقرقالیباف نے سوئٹزرلینڈ پہنچنے پر سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ میناب کے معصوم بچے اور ایران کے دیگر تمام شہدا مذاکرات کے دوران ہمارے اعمال اور رویےکو دیکھ رہے ہیں اور ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
ایرانی چیف مذاکرات کار نے مزید کہا کہ انہیں امید ہےکہ وہ شہداء اور ایرانی عوام کے سامنے شرمندگی کا باعث نہیں بنیں گے، دعا ہے عزت کے ساتھ اپنے ان دوستوں سے جاملوں جن کا بےصبری سے انتظار ہے۔