امریکہ کیلئے ہاتھ سے لکھا ایرانی فٹبال ٹیم کاخط وائرل
ہزاروں سال پرانی فارسی تہذیب سے لے کر آج کے جدید ایران تک ان کے وطن کی روح مضبوط اور ثابت قدم رہی ہے۔
بیلجیئم کے خلاف میچ کے بعد ایرانی فٹبال ٹیم نے لاس اینجلس میں اپنے ڈریسنگ روم میں ہاتھ سے لکھا ایک جذباتی خط چھوڑا، جس میں میزبان شہر، اپنے مداحوں اور عالمی امن کے لیے خوبصورت پیغام دیا گیا۔
فٹبال کے میدان سے ایک ایسا پیغام سامنے آیا ہے جس نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔ بیلجیئم کے خلاف میچ کے بعد ایرانی فٹبال ٹیم نے لاس اینجلس میں اپنے ڈریسنگ روم میں ہاتھ سے لکھا ایک جذباتی خط چھوڑا، جس میں میزبان شہر، اپنے مداحوں اور عالمی امن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس پیغام میں ایرانی ٹیم نے لاس اینجلس کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ فخر، عزت اور وقار کے ساتھ یہاں سے رخصت ہو رہی ہے۔ کھلاڑیوں نے اپنے ملک کی تاریخی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ہزاروں سال پرانی فارسی تہذیب سے لے کر آج کے جدید ایران تک ان کے وطن کی روح مضبوط اور ثابت قدم رہی ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ ایرانی ٹیم لاس اینجلس آئی، پورے احترام کے ساتھ مقابلہ کیا اور اب باوقار انداز میں واپس جا رہی ہے۔ ساتھ ہی ان شائقین کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا جنہوں نے دونوں میچز میں بھرپور انداز سے ٹیم کی حمایت کی۔
ایرانی کھلاڑیوں نے اپنے خط میں دنیا کی تمام اقوام کے درمیان امن، باہمی احترام اور دوستی کے فروغ کی دعا بھی کی، جسے سوشل میڈیا صارفین نے کھیل کے مثبت جذبے کی عکاسی قرار دیا۔
یاد رہے کہ گروپ جی میں ایران کے ابتدائی دونوں میچ امریکا کے شہر لاس اینجلس میں کھیلے گئے۔ ٹیم میچز کے درمیان اپنے میکسیکو میں قائم بیس کیمپ واپس جاتی رہی۔ دوسری جانب امریکی سفری پابندیوں کے باعث ایرانی وفد کے بعض عہدیداروں اور معاون عملے کے چند ارکان کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
ایرانی ٹیم کا یہ مختصر مگر معنی خیز پیغام اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور شائقین اسے کھیل کے ذریعے محبت، احترام اور یکجہتی کا پیغام قرار دے رہے ہیں