دیامر میں سیلاب،مکانات اور فصلیں تباہ،شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ
متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کا کام جاری ہے، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقے اور مسلسل بارشیں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں
دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث متعدد مکانات، زرعی زمینیں اور کھڑی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق تیز بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں نے دیامر کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جبکہ کئی گھروں کو جزوی اور بعض کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔ زرعی زمینوں کے بہہ جانے سے کسانوں کی روزی روٹی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ان کی محنت ضائع ہو چکی ہے اور روزگار کا واحد ذریعہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ عملی اقدامات سامنے نہیں آئے جس کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی سے فصلوں کو نقصان، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے سے ابھی تک کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے گئے، متاثرہ افراد کا فوری اقدامات اٹھانے اور امداد کی فراہمی کا مطالبہ، دیامر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان کے باعث لوگوں کو شدید نقصان ہو رہا ہے،… pic.twitter.com/jx9XmR1kto
— Siddique Jan SMT (@SdqJaanSMT) June 23, 2026
دوسری جانب شاہراہ قراقرم (کے کے ایچ) پر مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
متعدد مقامات پر سڑک بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کا کام جاری ہے، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقے اور مسلسل بارشیں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں۔
مقامی آبادی نے حکومت سے فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور آمد و رفت بحال ہو سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔