دوران کیریئر ماں بننے والی کرکٹرز کی واپسی آسان بنانے کا فیصلہ
نئے رہنما اصولوں میں جسمانی بحالی، ذہنی صحت، مرحلہ وار ٹریننگ، مخصوص فٹنس پلان اور مسلسل طبی نگرانی جیسے اہم نکات شامل کیے گئے ہیں
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کرکٹرز کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے دورانِ کیریئر ماں بننے والی کھلاڑیوں کے لیے نئے رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔
یہ رہنما اصول انگلینڈ میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران متعارف کرائے گئے، جن کا مقصد حمل اور زچگی کے بعد خواتین کھلاڑیوں کی کرکٹ میں واپسی کو آسان اور محفوظ بنانا ہے۔ ان اصولوں میں کھلاڑیوں، کرکٹ بورڈز، کوچز اور طبی عملے کے لیے واضح رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔
آئی سی سی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کی رکن اور آسٹریلوی ٹیم کی ڈاکٹر فلپا اِنج کے مطابق یہ اقدام اس سوچ کو فروغ دیتا ہے کہ بچے کی پیدائش کسی خاتون کرکٹر کے کیریئر کے اختتام کا سبب نہیں بننی چاہیے۔
نئے رہنما اصولوں میں جسمانی بحالی، ذہنی صحت، مرحلہ وار ٹریننگ، مخصوص فٹنس پلان اور مسلسل طبی نگرانی جیسے اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کی دیکھ بھال، کھیل کے مقامات پر فیڈنگ کی سہولیات، لچکدار ٹریننگ ماحول اور سفری معاونت سے متعلق سفارشات بھی دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی آفی فلیچر اور پاکستان کی سابق کپتان بسمہ معروف سمیت کئی کھلاڑی زچگی کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں کامیاب واپسی کر چکی ہیں، جس سے اس اقدام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔