41 روپے سالانہ کمانے ہیں تو انسانی ریچھ بننا پڑے گا

لووہے میں واقع ایک وائلڈ لائف زو نے ایسے افراد کی تلاش شروع کی ہے جو ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر سیاحوں کے ساتھ دلچسپ انداز میں وقت گزار سکیں

June 23, 2026 · چشم حیرت

چین کے ایک چڑیا گھر کی جانب سے سیاہ ریچھ کا لباس پہن کر کام کرنے کے لیے منفرد ملازمت کا اشتہار سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جس میں سالانہ ایک لاکھ یوآن تنخواہ کی پیشکش کی گئی ہے۔

صوبہ ہینان کے شہر لووہے میں واقع ایک وائلڈ لائف زو نے ایسے افراد کی تلاش شروع کی ہے جو ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر سیاحوں کے ساتھ دلچسپ انداز میں وقت گزار سکیں۔ ملازمت کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال اور جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری قرار دی گئی ہے۔

اشتہار کے مطابق منتخب افراد روزانہ چھ گھنٹے کام کریں گے جبکہ انہیں ہر ماہ چار دن کی چھٹی بھی دی جائے گی۔ ملازمت کے دوران انہیں سیاحوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ وہ مختلف آوازیں نکال سکیں گے اور ریچھوں جیسا رویہ اختیار کر سکیں گے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے امیدواروں کو تخلیقی انداز اپنانے کی بھی اجازت دی ہے، جس میں رقص کرنا، اچھل کود کرنا، درختوں پر چڑھنا یا دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینا شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس منفرد ملازمت کے اشتہار پر اب تک 100 سے زائد افراد دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ چڑیا گھر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی بلکہ ادارے کی آمدنی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔