یکم جولائی سے پاسپورٹ دفاتر میں ڈیجیٹل ادائیگی ہوگی
اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
پاکستان میں پاسپورٹ نظام کو مزید جدید اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق آئندہ پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل طریقے سے، بالخصوص کیو آر کوڈ کے ذریعے وصول کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک نئی پاسپورٹ موبائل ایپ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے کیونکہ پاسپورٹ ان کی دہلیز تک پہنچانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مستقبل میں صرف ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔ تاہم اس وقت زیر استعمال تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی معیاد ختم ہونے تک بدستور قابلِ استعمال اور بین الاقوامی طور پر قابلِ قبول رہیں گے۔