پاکستان میں اسٹرابیری مون 30 جون کو دیکھا جائے گا
چاند اپنی مکمل شدت پر پاکستان کے وقت کے مطابق 30 جون کی صبح 4 بج کر 57 منٹ پر ہوگا
ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق رواں سال کا اسٹرابیری مون دنیا کے مختلف حصوں میں 29 جون کو دیکھا جائے گا جبکہ پاکستان میں یہ دلکش منظر 30 جون کی رات نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سال کا سب سے چھوٹا چاند ہوگا جسے سائنسی اصطلاح میں مائیکرو مون بھی کہا جاتا ہے۔
ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق چاند اپنی مکمل شدت پر پاکستان کے وقت کے مطابق 30 جون کی صبح 4 بج کر 57 منٹ پر ہوگا۔ غروب آفتاب کے بعد مشرقی افق پر چاند سنہری رنگ میں نمایاں ہوگا اور صاف موسم کی صورت میں اسے کھلی آنکھ سے دیکھا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹرابیری مون 28 سے 30 جون تک مسلسل تین راتوں میں مختلف اوقات میں واضح طور پر نظر آئے گا۔ اس نام کی وجہ جون کے مہینے میں فصلوں کی کٹائی کو قرار دیا جاتا ہے جبکہ زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے کے باعث چاند معمول سے کچھ چھوٹا دکھائی دیتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بہتر نظارے کے لیے شہر کی روشنیوں سے دور کھلی جگہوں کا انتخاب کریں تاکہ اس خوبصورت فلکی منظر کو بہتر انداز میں دیکھا جا سکے۔