لیاری میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کیلئے پاکستان کا فیفا کو خط
کراچی کے علاقے لیاری کو فٹبال کے جنون کی وجہ سے ’’منی برازیل‘‘ بھی کہا جاتا ہے
پاکستان فٹبال ٹیم اگرچہ فیفا کی عالمی رینکنگ میں نچلے نمبروں پر موجود ہے اور اب تک ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی، تاہم ملک میں فٹبال کو پسند کرنے والوں کی بڑی تعداد اس کھیل سے گہری وابستگی رکھتی ہے۔
کراچی کے علاقے لیاری کو فٹبال کے جنون کی وجہ سے ’’منی برازیل‘‘ بھی کہا جاتا ہے، جہاں مقامی سطح پر بڑے میچز اور بین الاقوامی ٹیموں کے مقابلے بڑی اسکرینز پر شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔
اسی پس منظر میں رکن سندھ اسمبلی نبیل گبول نے فیفا کے صدر کو خط لکھنے کا اعلان کیا ہے، جس میں ان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیاری کے اسٹیڈیمز کا معائنہ کیا جائے تاکہ ان کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تیاری کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیاری میں موجود پیپلز اسٹیڈیم اور لیاری انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بین الاقوامی سطح کے میچز کروائے جا سکتے ہیں اور مستقبل میں ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت بھی ممکن ہے۔
دوسری جانب اس بیان پر سندھ اسمبلی کے رکن سجاد سومرو نے طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے مختلف سوالات اٹھائے، جن میں بنیادی سہولیات اور اسٹیڈیمز کے معیار سے متعلق تحفظات شامل تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر عالمی معیار کے کھلاڑی لیاری کے میدانوں میں آئیں تو کیا وہاں سہولیات اور انفراسٹرکچر اس معیار کے مطابق ہوگا۔