ہنگری میں آدم خور گرفتار۔انسانی اعضا سے کھانا تیار کرنے کا اعتراف
ملزم ایک ہسپتال میں ملازم ہے۔ پولیس
فائل فوٹو
ہنگری میں پولیس نے انسانی جسم کے اعضاء چوری کرکے کھانے والے ایک 30 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ملزم لاوارث قبروں اور ہسپتال سے جہاں یہ کام کرتا ہے، انسانی اعضا چوری کرتا رہا ہے۔
ہنگری کے نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن کو ملزم کے بارے میں 17 جون کو بڈاپیسٹ میں اطلاع موصول ہوئی اور اُسے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب ملزم جسمانی اعضاء گھر پر محفوظ کر رہا تھا۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ شخص ایک ہسپتال میں ملازم ہے۔
ملزم کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران تفتیش کاروں نے کھوپڑی، ایک مکمل نچلی ٹانگ اور ایک ہاتھ کے ساتھ ساتھ چہرے کی جلد سے تیار کردہ انسانی چہرے کی نقل قبضے میں لے لی ۔ دیگر ہڈیاں ایک سوٹ کیس میں پائی گئیں
اس کے علاوہ ایک جار میں دل بھی ملا جس کے بارے میں پولیس اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا یہ انسان کا ہے یا جانور کا۔
ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران جسم کے اعضا اکٹھے کرنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ انسانی جسم کے اعضا کی طرف میلان رکھتا ہے اور اس نے اعضا سے کھانا تیار کر کے بھی کھایا ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کے آغاز کردیا ہے۔