بھارت کیخلاف ہاکی میچ میں پاکستان کا غلط پرچم پیش، اقلیتوں کی نمائندگی غائب
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی غفلت پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل
فائل فوٹو
اسلام آباد : ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاک بھارت میچ کے آغاز پر پاکستان کا غلط پرچم پیش کر دیا گیا۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاک بھارت میچ کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی غفلت کے باعث قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا غلط پرچم پیش کیا گیا، جس میں سفید رنگ موجود نہیں تھا۔
بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی جھنڈوں میں بھی سفید حصہ غائب تھا۔
واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ایف آئی ایچ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستانی شائقین نے اسے قومی پرچم کی غلط نمائندگی قرار دیتے ہوئے منتظمین سے وضاحت اور معذرت کا مطالبہ کیا۔
شائقین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ایونٹس میں شریک ممالک کے قومی پرچم اور شناخت کے حوالے سے ایسی غلطیاں ناقابل قبول ہیں۔
کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ میچ سے قبل پروٹوکول اور انتظامات کی جانچ کے باوجود یہ سنگین غلطی کیسے نظر انداز ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے قومی پرچم میں سفید حصہ ملک کی مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ سبز رنگ مسلم اکثریت کی علامت ہے۔